Oct ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • عراق کے پارلیمانی انتخابات کے نئے نتائج کا اعلان، حاصلہ نشستوں میں کمی یا زیادتی ہوئی

عراق کے الیکشن کمیشن نے آٹھ ہزار پانچ سو سینتالیس مراکز کے ووٹوں کی ہاتھ کی جانے والی گنتی مکمل ہونے پر عام انتخابات کے نئے نتائج کا اعلان کیا ہے۔

صابرین نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے الیکشن کمیشن نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ عام انتخابات کے نئے نتائج کا اعلان نئے مراکز کے ووٹوں کی ہاتھ سے کی جانے والی گنتی کے نتیجے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

عراق کے الیکشن کمیشن کی جانب سے کئے جانے والے نتائج کے نئے اعلان کے مطابق عراق کے پارلیمانی انتخابات میں صدر گروہ نے ابتدائی نتائچ کی بنیاد پر تہتر نشستیں جو حاصل کی تھیں وہ اب کم ہو کر ستر ہو گئی ہیں۔

نوری المالکی کی قیادت میں حکومت قانون الائنس نے چونتیس نشستیں حاصل کی تھیں  لیکن اب اس کی   نشستیں بڑھ کر چالیس پر پہنچ گئی ہیں۔ ہادی العامری کے زیر قیادت الفتح الائنس کی نشستیں چودہ سے بڑھ کر بیس ہو گئی ہیں۔ اس کے علاوہ  امتداد الائنس کی نشستیں بھی نو سے بارہ پر پہنچ گئی ہیں جبکہ قوی الدولہ کی نشستیں چار سے تین ہوگئی ہیں۔

عراق کے پارلیمانی انتخابات اتوار دس اکتوبر کو منعقد ہوئے ہیں اور ان انتخابات کے ابتدائی نتائچ کا اعلان منگل کو کیا گیا تھا۔

دریں اثنا عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے سیکورٹی فورس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عراق کے الیکشن کمیشن، بیلٹ باکسوں  اور دہشت گردی کے خطرے کے مقابلے میں امن و امان کا مکمل تحفظ کرے۔ عراق کے وزیر اعظم کے دفتر نے بدھ کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مصطفی الکاظمی نے مشترکہ کمان کے ہیڈکوارٹر کے معائنے کے دوران عراق کے الیکشن کمیشن، بیلٹ باکسوں  اور دہشت گردی کے خطرے کے مقابلے میں امن و امان کا مکمل تحفظ کئے جانے کی ہدایات دی ہیں۔

عراقی وزیراعظم نے انتخابات کے سیکورٹی منصوبے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد سے قبل ہی سیکورٹی منصوبہ تیار کرلیا گیا تھا اور اس پر عمل کیا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ عراق میں پہلی بار ایسا ہوا کہ انتخابات کے دوران رفت و آمد پر پابندی کا اعلان نہیں کیا گیا اور کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ بھی پیش نہیں آیا اور نہ ہی کوئی حملہ ہوا اور نہ کوئی خطرہ محسوس کیا گیا۔

ٹیگس