Oct ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۸ Asia/Tehran
  • بیروت میں حزب اللہ اور تحریک امل کے پرامن مظاہرین پر فائرنگ، متعدد جاں بحق

لبنان میں پرامن مظاہرین پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں کم سے کم پانچ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب حزب اللہ اور تحریک امل کے سیکڑوں حامی، بیروت دھماکوں کی تحقیقات کرنے والی عدالت کے جج طارق بیطار کی ناقص کارکردگی کے خلاف احتجاج کے لیے جمع تھے۔

لبنانی ذرائع نے بتایا ہے کہ مظاہرین پر فائرنگ نامعلوم نشانہ بازوں نے کی جو اطراف کی عمارتوں پر پہلے سے چھپے ہوئے تھے۔ بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ لبنانی سیکورٹی فورس نے مسلح حملہ آوروں میں سے بعض کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔ لبنان کی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں کم سے کم چھے افراد جاں بحق اور درجنوں  دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بعض خـبروں میں زخمیوں کی تعداد ساٹھ کے قریب بتائی گئی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ لبنانی فوج نے الشیاح اور عین الرمانہ جیسے علاقوں میں پوزیشن سنھبال لی ہے اور مسلح افراد کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

حزب اللہ لبنان نے ایک بیان جاری کرکے اپنے حامیوں سے صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ وہ فتنے سے دور رہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے کا مقصد ملک کے مختلف سیاسی دھڑوں کو آپس میں الجھانا ہے۔ بیروت میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور جگہ جگہ مظاہرے جاری ہیں۔

ٹیگس