Oct ۲۵, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۳ Asia/Tehran
  • ایران افغانستان میں سرمایہ کاری کے لئے آمادہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے افغان عوام کو معیشتی بحران سے نکالنے کی جانب ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے افغانستان میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

افغان خبررساں ایجنسی آوا کے مطابق کابل میں تعینات ایران کے سفیر بہادر امینیان نے طالبان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیرخان متقی سے ملاقات میں کہا کہ تہران افغانستان کی اقتصادی مشکلات کے حل کے مقصد سے سرمایہ کاری کے لئے آمادہ ہے۔

سفیرِ ایران نے دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے بہت سے اشتراکات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم مختلف شعبوں منجملہ نقل و حمل، انرجی، معدنیات، تجارت اور صحت کے شعبوں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔

حالیہ ہفتوں کے دوران طالبان کے حکام کئی ممالک کے نمائندوں کے ساتھ مختلف موضوعات منجملہ اقتصادیات کے موضوع پر گفتگو کر چکے ہیں۔اب تک ازبکستان، پاکستان، چین، روس اور قازقستان، افغانستان میں سرمایہ کاری کرنے اور اس ملک کے ساتھ اپنے تجاری حجم کو بڑھانے کے لئے اپنی رضامندی ظاہر کر چکے ہیں۔

اب سے دو روز قبل طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے داخلی اور بیرونی سرمایہ کاروں کی جان و مال کے تحفظ کی یقین دہانی کرائی تھی اور ساتھ ہی دعوا کیا تھا کہ افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل سے اس ملک میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار مواقع فراہم ہوئے ہیں۔

ٹیگس