بغداد کے شمال میں داعش کے خلاف عراقی رضاکار فورس کی کاروائی
عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع الطارمیہ کے علاقے میں اس ملک کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ بغداد کے الطارمیہ علاقے کو داعشی دہشت گردوں سے پاک کر دیا گیا۔
الفرات نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال میں واقع طارمیہ کے علاقے میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے وسیع پیمانے پر کارروائی کر کے وہاں موجود تمام دہشت گردوں کا صفایا کر دیا۔
الحشد الشعبی کے مقامی کمانڈر ابراہیم المشہدانی نے کہا کہ اس علاقے میں جنگل نما درختوں کی کثرت ہے جس کی بنا پر دہشت گردوں کو اس علاقے میں روپوش ہوجانے کا موقع مل جاتا ہے تاہم الحشد الشعبی کے جوانوں نے انہیں تلاش کر کے ان کا تعاقب کیا ہے۔
ابراہیم المشہدانی نے کہا کہ الطارمیہ کی سیکورٹی کی صورتحال عراق کے دیگر علاقوں سے بالکل مختلف ہو چکی ہے۔ عراق کا یہ علاقہ اس ملک کے چار صوبوں بغداد، الانبار، صلاح الدین اور دیالہ کے درمیان واقع ہے جس سے اس علاقے کی اسٹریٹیجک اہمیت بہت خاص ہوجاتی ہے۔