یواے ای اور صیہونی حکومت کے تعلقات، فوجی شعبے میں بھی بڑھے
صیہونی حکومت کی فضائیہ کے کمانڈر نے متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کو مضبوط کرنے اور اس کے ساتھ تعاون میں فروغ کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کے کمانڈر کے غاصب صیہونی حکومت کے دورے کے بعد، ان کے صیہونی ہم منصب نے یو اے ای کی فضائیہ کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فضائیہ کے کمانڈر جنرل ابراہیم ناصر محمد علوی بلو فلیگ نامی فوجی مشقوں کا جائزہ لینے کے لئے غاصب صیہونی حکومت کے دورے پر ہیں۔
صیہونی حکومت کے ان کے ہم منصب جنرل آمیکام نورکین نے اس موقع پر ٹوئیٹ میں کہا کہ در حقیقت یہ ایک تاریخی دن ہے جو ہماری فضائیہ کے درمیان تعاون کے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔
امریکا کے ان دو اتحادیوں نے گزشتہ سال اپنے تعلقات کو معمول پر لانے کے معاہدے پر دستخط کئے تھے، یہ تعلقات اب تک زیادہ تر سفارتی اور تجارتی شعبے میں تھے لیکن اب فوجی شعبے میں تعلقات میں توسیع ہو رہی ہے۔