Oct ۳۱, ۲۰۲۱ ۰۸:۴۰ Asia/Tehran
  • آل خلیفہ کی جیل میں قید بحرینی شہید کی شہادت پر تسلیت

آل خلیفہ کی جیل میں تشدد اور بربریت کا شکار ہو کر شہید ہونے والے بحرینی شہری علی قنبر کی شہادت پر آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے تعزیت پیش کی۔

بحرینی عوام کے قائد اور اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کے انقلابی نوجوان علی قنبر نے خدا کی راہ میں مجاہدت کی اور اسی راہ میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے، خدا انھیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے۔ انہوں نے بحرینی عوام کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ خدا علی قنبر کو شہداء اور صالحین کے ساتھ محشور فرمائے۔

بحرین میں شہید علی قنبر سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے جاری ہیں، مظاہرین بحرین کے سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اس سے قبل جمعیت الوفاق نے اعلان کیا تھا کہ بحرین کے انقلابی نوجوان علی قنبر، جیل میں تشدد اور ڈاکٹروں کی لاپرواہی کے نتیجے میں پیر کے روز اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ علی قنبر بحرین کی جو جیل میں تشدد کا شکار ہونے کی بنا پر ایک قسم کے ٹیومر میں مبتلا ہوگئے تھے اور جیل حکام کی لاپرواہی کے نتیجے میں یہ بیماری انکے پورے جسم میں سرایت کر گئی تھی۔ 

سیاسی قیدی ہونے کے باوجود علی قنبر کو میڈیکل خدمات فراہم نہیں کی گئیں جس کی بنا پر ان کی حالت روز بروز بگڑتی گئی اور وہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

بحرین میں چودہ فروری دوہزار گیارہ سے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے موروثی آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں تاہم آل سعود اور بعض مغربی ممالک کی حمایت یافتہ آل خلیفہ حکومت اپنے ہی عوام کی بہیمانہ سرکوبی پر کمربستہ ہے۔

ٹیگس