Oct ۳۱, ۲۰۲۱ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • امریکی تنظیموں کا مطالبہ، جوبایڈن فلسطین کے خلاف صیہونی حکومت کے اقدامات کی مذمت کریں

امریکہ کی دوسو سے زائد تنظیموں نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطین کی انسانی حقوق تنظیموں کے خلاف صیہونی حکومت کے حالیہ اقدام کی مذمت کرے۔

آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق امریکہ میں سماجی انصاف اور انسانی و مدنی حقوق کی دوسو اٹھائس تنظمیوں نے صدر جو بایڈن کے نام ایک مراسلے میں یہ مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ایک بیان جاری کر کے فلسطین میں انسانی حقوق کے لئے سرگرمِ عمل تنظیموں کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے حالیہ اقدام کی مذمت کریں۔

امریکی صدر کے نام تحریر کئے گئے مراسلے میں انسانی حقوق اور عالمی قوانین کے حوالے سے امریکہ کی جانب سے پابندی کئے جانے پر زور دینے کے ساتھ ساتھ یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کی فلسطینی تنظیموں کے خلاف ظالمانہ اور جابرانہ اقدامات کی انجام دہی پر صیہونی حکومت کی فوری طور پر تنبیہ کریں۔

قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت گزشتہ کئی برسوں سے فلسطین میں سرگرم عمل انسانی حقوق کی تنظیموں کے خلاف سرگرم عمل ہے اور اس کوشش میں ہے کہ وہ یورپی یونین کی جانب سے ان تنظیموں کو ملنے والی امداد کا سلسلہ بند کروادے۔

یاد رہے کہ خودساختہ صیہونی حکومت کے وزیر جنگ بینی گانتس گزشتہ جمعے کو فلسطین کی ایسی چھے تنظیموں کو عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے ساتھ تعاون کرنے پر دہشتگرد قرار دے دیا تھا جو فلسطین کے بچوں، خواتین، انسانی حقوق اور کسانوں کے حقوق کا دفاع کرنے کے لئے کام کر رہی ہیں۔

گزشتہ روز بھی اقوام متحدہ میں ہرزہ سرائیوں اور گستاخیوں کے لئے معروف غاصب ریاست اسرائیل کے سفیر گیلاد اردان نے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے غیر انسانی جرائم کا پردہ فاش کرنے والی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ کو پھاڑ کر کوڑے دان میں ڈال دیا تھا۔

 

ٹیگس