نیا مشرق وسطی بنانے کی امریکی سازش ناکام ہوگئی: حزب اللہ لبنان
حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ نے کہا ہےکہ نئے مشرق وسطی کے قیام کی امریکی کوشش ناکام ہو گئی ہے
حزب اللہ لبنان کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ شام کو جارحیت کا نشانہ بنا کر نئے مشرق وسطی کے قیام کی امریکی کوشش شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔
انھوں نے کہا کہ تحریک مزاحمت نے جارح امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو شکست دے کر ایک بڑا کارنامہ رقم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شام میں دہشت گردوں کی حفاظت، شام کا تیل لوٹنے اور اس ملک کے سرمائے غارت کرنے اور شامی عوام کے خلاف دباؤ کے امریکی ہتھکنڈے بدستور جاری ہیں جس کا اہم ترین مقصد شام کی حکومت کا تختہ پلٹنا رہا، مگر سارے نتائج برعکس برآمد ہوئے ہیں۔
شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ شام، لبنان اور فلسطین میں تمام پیدا کردہ مسائل اور بحرانوں کا مقصد صرف ایک ہی رہا ہے اور وہ اسرائیل کو تحفظ فراہم کرنا اور اس کے غاصبانہ قبضے کو قانونی شکل دینا تھا تاہم شام پر مسلط کی جانے والی جنگ سے امریکہ کی یہ سازش بھی ناکام ہو گئی ہے۔