داعشی عناصر کے صفائے کے لئے عراقی فورسز کی کارروائی
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے ملک سے داعش کے مکمل خاتمے کے لئے دیالہ کی حمرین پہاڑیوں میں اس دہشت گرد گروہ کے خلاف سیکورٹی آپریشن انجام دیا۔
عراق کی این آر ٹی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی فورسز نے دیالہ میں داعش گروہ کے عناصر کو پکڑنے کے لئے بغداد کرکوک روڈ، قرہ تبہ روڈ اور دیالہ میں حمرین کے پہاڑی علاقوں میں آٹھ مقامات سے سیکورٹی آپریشن انجام دیا۔
اس بیان کے مطابق یہ آپریشن، عام شہریوں کے خلاف داعش کے باقیات کی کارروائیوں اور دشمن کی سرگرمیوں کے بارے میں ملنے والی اطلاعات کی بنیاد پر انجام دیا گیا۔ اس کارروائی میں عراقی فضائیہ نے بھی حصہ لیا۔
عراق نے دوہزار سترہ میں داعش کے خلاف جنگ ختم ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم اس دہشت گرد گروہ کے عناصر دیالہ، کرکوک، نینوا، صلاح الدین، الانبار اور بغداد کے بعض علاقوں میں اب بھی موجود ہیں اور گاہے بگاہے دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں۔