Nov ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۰:۳۲ Asia/Tehran
  • ایران و عراق کے سربراہان مملکت کی گفتگو، دوطرفہ دوستانہ و برادرانہ تعلقات کے مزید استحکام کے عزم کا اعادہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور عراق کے وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس میں دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کے مزید فروغ اور استحکام پر زور دیا گیا ہے۔

ایران کے ایوان صدر کی شعبۂ اطلاع رسانی کے مطابق سید ابراہیم رئیسی نے عراقی وزیر اعظم سے ٹیلیفون پر بات کی اور ایک بار پھر تہران کے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ وہ عراق کی خودمختاری اور ارضی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ عراقی حکومت و عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ عراق میں اتحاد و یکجہتی ایک اہم اور اسٹریٹیجک موضوع پر جس پر کبھی کوئی حرف نہیں آنا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی اقوام کی دشمن طاقتیں عراقی عوام کی پیشرفت، کامیابی اور انکے سکون کو نہیں دیکھنا چاہتیں اور آئے دن نئے نئے فتنے کھڑے کر کے انہیں نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔

صدر ایران نے عراق میں امن چین کے قیام کے لئے تمام تر گنجائشوں سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا اور کہا کہ خود انتخابات کا عمل عراقی عوام کے ارادے کے نفاذ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے جس پر ایران نے ہمیشہ زور دیا ہے اور اس حوالے سے اگر کچھ اختلافات ہیں تو سیاسی و قانونی طریقوں سے انکے حل پر تہران زور دیتا ہے۔

عراقی وزیر اعظم نے بھی اس گفتگو میں عراق کی حکومت و عوام کی بے دریغ حمایت کرنے پر ایران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران ہمیشہ عراق میں ثبات، استحکام اور امن وسکون کے قیام کا حامی رہا ہے۔

ٹیگس