Nov ۱۸, ۲۰۲۱ ۱۸:۳۶ Asia/Tehran
  • جارح سعودی اتحاد کے خلاف یمن کا ڈرون حملہ

عرب ذرائع ابلاغ نے جنوبی سعودی عرب میں جارح سعودی اتحاد کے خلاف یمنی فوج کی ڈرون کارروائی کی خبر دی ہے۔

العربیہ ٹی وی نے جمعرات کی صبح جارح سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج نے جنوبی سعودی عرب کے ابہا ایئرپورٹ کی جانب ایک ڈرون طیارے سے حملہ کیا ہے ۔ البتہ جارح سعودی اتحاد نے ہمیشہ کی مانند جھوٹا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈرون طیارے کو کارروائی سے پہلے ہی مار گرایا گیا ہے۔

دوسری جانب جارح سعودی اتحاد نے بدھ کو صنعا، ذمار، صعدہ اور الجوف کے علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یمن کے رہائشی علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے حملے بڑھنے کے ساتھ ہی یمن کی فوج اور رضاکار فورس نے بھی سعودی عرب پر اپنے دفاعی حملے تیز کردیئے ہیں۔

درایں اثنا میڈیا ذرائع نے سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کی رہائشگاہ پر فضائی حملہ ہونے کی خبردی ہے۔ العہد الجدید ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج اور رضاکار فورس شمال مغربی سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے شہرنیوم میں واقع سعودی ولیعہد بن سلمان کی رہائشگاہ کو ابھی حال ہی میں حملے کا نشانہ بنا چکی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق یمنی فوج کا یہ حملہ محمد بن سلمان کی رہائشگاہ کے اطراف میں جدیدترین دفاعی سسٹم پٹریاٹ نصب کئے جانے کے بعد انجام پایا ہے۔یمن کی مسلح افواج اور رضاکار فورس کے حملوں سے پتہ چلتا ہے کہ بن سلمان ، جدید ترین اور ماڈرن شہرنیوم میں بھی اپنے محل میں محفوظ نہیں ہیں۔

دوسری جانب یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن نے مآرب سیکٹر پر کسی بھی طرح کی جنگ روکنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے اس صوبے کی مکمل آزادی تک یمنی فوجیوں کی پیشقدمی جاری رہنے پر زور دیا ہے۔ المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن یاسر الحوری نے کہا ہے کہ ایسے عالم میں جب یمنی فوج اور رضاکار فورس جلد ہی صوبہ مآرب پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے والی ہے ، جنگ اور پیشقدمی روکنے کی بات نہیں کی جا سکتی۔ الحوری نے مزید کہا کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس الفلج نامی سیکورٹی پوائنٹ کے اطراف کے تمام علاقوں اور واقع پہاڑیوں کو اپنے کنٹرول میں لے چکی ہے اور اب بہت جلد اس سیکورٹی پوائنٹ کو بھی پوری طرح اپنے کنٹرول میں لے لے گی۔

سعودی عرب، امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر جارحانہ حملوں کے ساتھ ہی اس کا بری بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے۔ یمن پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں اب تک دسیوں ہزار افراد شہید اور زخمی جبکہ لاکھوں افراد بےگھر اور دربدر ہوچکے ہیں۔

 

 

 

 

ٹیگس