Nov ۲۰, ۲۰۲۱ ۰۹:۳۸ Asia/Tehran
  • لاہور میں اسلامی فن و ہنر کی بین الاقوامی نمائش

پاکستان کے شہر لاہور میں اسلامی فن و ہنر کی ایک بین الاقوامی نمائش کا آغاز ہو گیا ہے۔

اس بین الاقوامی نمائش میں پاکستان کے علاوہ ایران اور ترکی بھی شامل ہیں۔

آئی آر آئی بی نیوز کےمطابق یہ نمائش لاہور کے الحمرا ثقافتی مرکز میں لگائی گئی ہے جس میں ایران پاکستان اور ترکی کے پیش کردہ فن پاروں کو شائقین کے لئے پیش کیا گیا ہے۔

خطاطی، پینٹنگ، میناکاری، کاشی کاری، اسلامی معماری اور کوزہ گری کے شعبے میں دلچسپ تخلیقات و مصنوعات پیش گئی ہیں۔اس نمائش کا اہتمام لاہور میں واقع ایران کلچر ہاؤس، ترکی کے یونس امرہ فاؤنڈیشن اور پاکستان کے ایوان علم و فن کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا ہے۔

اس نمائش کی افتتاحی تقریب میں ایران کلچر ہاؤس کے ڈائریکٹر جعفر روناس نے تاریخ میں اسلامی فن و ہنر اور تعمیر کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت فن و ہنر کی زبان ایک مشترک زبان ہے جس کا تعلق ہر ملک، قوم اور زبان سے ہے اور سبھی فن و ہنر کے حسن و جمال کو بخوبی درک کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران پاکستان اور ترکی اپنے قدیمی اسلامی تمدن کے ساتھ اسلامی فن و ہنر کے میدان میں بہت سی گنجائشوں کے مالک ہیں۔

ترکی کے ثقافتی نمائندے اولاش ارتاس نے بھی اسلامی فن و ہنر کو علاقائی امن و سکیورٹی کے تحفظ اور اسکے استحکام میں ایک مؤثر عنصر قرار دیا۔

پاکستانی خطاط اور کاتبوں کی انجمن کے سیکریٹری عرفان قریشی نے بھی خطاطی اور کتابت کو اسلامی ممالک کے درمیان ایک مشترک ہنر قرار دیا اور کہا کہ ایران نے اس قدیمی فن و ہنر کی ترویج میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

خیال رہے کہ لاہور میں منعقدہ فن و ہنر کی یہ بین الاقوامی نمائش پانچ روز تک جاری رہے گی۔

ٹیگس