یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی جنگی طیاروں کے حملے
یمن کے مختلف علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے بمبار طیاروں کے شدید حملے جاری ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ مآرب کے صرواح اور الجوبہ اضلاع پر آٹھ بار بمباری کی ہے۔
جارح سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے اسی طرح صوبہ الحدیدہ کے حیس ضلع پر دو بار، صوبہ صعدہ کے ضلع الظاہر، صوبہ حجہ کے ضلع حرص اور سرحدی علاقے نجران کو ایک ایک بار حملوں کا نشانہ بنایا۔
اس رپورٹ کے مطابق صوبہ صعدہ کے منبہ سرحدی علاقے پر سعودی اتحاد کے توپخانوں کی گولہ باری میں ایک عام شہری شہید اور چار زخمی ہوگئے۔
درایں اثنا یمن کی مرکزی حکومت نے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے دس قیدیوں کے قاتلوں کی شناخت کر لینے کی خبر دی ہے اور اقوام متحدہ سے ان مجرموں کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی مرکزی حکومت کی قیدیوں کے امور کی کمیٹی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ اس کمیٹی نے یمن کے مغربی ساحل پر ان جرائم کو انجام دینے کا فرمان جاری کرنے والے اور اس فرمان پر عمل درآمد کرنے والے مجرموں کے بارے میں زیادہ تر اطلاعات حاصل کر لی ہیں۔
المرتضی نے مزید کہا کہ یمن کی مرکزی حکومت کے قیدیوں کے امور سے متعلق قومی کمیٹی نے اقوام متحدہ سے باقاعدہ مطالبہ کیا ہے کہ جارح اتحاد میں شامل ممالک اور ان کے زرخرید ایجنٹوں پر ان مجرموں کو حوالے کرنے کے لئے دباؤ ڈالے تاکہ ان کے سلسلے میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں اور قرار واقعی سزا دی جائے۔
یمن کی مرکزی حکومت کی قیدیوں سے متعلق امور کی کمیٹی نے نو روز قبل چودہ نومبر کو اعلان کیا تھا کہ جارح سعودی اتحاد کے زرخرید ایجنٹوں نے یمنی فوج اور رضاکار فورس کے دس قیدی جوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ مارچ دوہزار پندرہ سے یمن کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جارحانہ حملوں کے نتیجے میں اب تک لاکھوں یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ چالیس لاکھ بے گھر اور دربدر ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کی فوجی جارحیت کے نتیجے میں یمن کے پچاسی فیصد سے زیادہ بنیادی ڈھانچے تباہ ہوگئے ہیں جبکہ چالیس لاکھ سے زیادہ افراد کو غذاؤں اور دواؤں کی سخت قلت کا سامنا ہے۔