یمن نے جارح طاقتوں کو کھلا پیغام دے دیا، نئے آپریشن کے لئے تیار رہے سعودی عرب
یمن نے جارح سعودی عرب اور اسکے اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے ملک کا محاصرہ ختم نہ کیا تو سعودی عرب کے خلاف نئے آپریشن انجام دیئے جائیں گے۔
یمن کی قومی سالویشن حکومت کے ترجمان ضیف اللہ الشامی نے کہا کہ آٹھویں دفاعی آپریشن کے تحت سعودی عرب کے اندر اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور یہ سعودی اتحاد کی جارحیت اور ملک کے جاری محاصرے کا قانونی جواب ہے۔
یمن کی قومی سالویشن حکومت کے ترجمان نے کہا کہ یمنی قوم کبھی بھی سعودی اتحاد کے جرائم اور جارحیتوں کے مقابلے پر خاموش نہيں رہے گی۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے شدید سینسر کے باوجود حالیہ آپریشن میں سعودی عرب کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا گیا ہے۔
ضیف اللہ الشامی کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن امریکا سمیت جارح طاقتوں کو پیغام تھا کہ یمن کے پاس اہم اور اسٹراٹیجک ہتھیار ہيں جو جارح ممالک سے مقابلے اور ان کو کنٹرول کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے سعودی عرب کے اندر بڑے اور وسیع آپریشن کی خبر دی تھی۔
یمن کی قومی سالویشن حکومت کے وزیر اطلاعات و نشریات نے بھی سعودی عرب کے اہم ٹھکانوں اور فوجی مراکز کے خلاف آپریشن کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ آپریشن، یمن کے خلاف امریکی-سعودی اتحاد کے محاصرے اور جارحیت کے جاری رہنے کا قانونی حق تھا۔