دیالہ میں داعش کے سات اڈے منہدم ، الانبار میں داعش کا ایک سرغنہ گرفتار
عراق کے صوبہ دیالہ میں داعش کے سات اڈے تباہ کردیئے گئے ہیں جبکہ صوبہ الانبار میں اس کا ایک سرغنہ ہلاک کر دیا گیا ہے۔
عراق کے فوجی انفارمیشن سینٹر نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ ملک کی فضائیہ نے صوبہ دیالہ میں حمرین کی پہاڑیوں میں داعش کے اڈوں پرشدید حملے کئے ہیں۔
عراقی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں داعش کے سات اڈوں اور جنگی ساز و سامان کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ عراقی فوج کے انفارمیشن سینٹر نے اسی کے ساتھ بتایا ہے کہ عراقی فوج نے صوبہ دیالہ کے آبی صدا علاقے کے ذیابہ دیہات سے دو دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی عراق کی رضاکار فورس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے صوبہ الانبار میں داعش کے ایک سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
عراق نے دو ہزار سترہ میں داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف جنگ میں کامیابی کا اعلان کر دیا تھا تاہم اس دہشتگرد گروہ کی باقیات اب بھی عراق کے دیالہ، کرکوک، نینوا، صلاح الدین، الانبار اور بغداد صوبوں کے بعض علاقوں میں موجود ہیں اور اکا دکا کارروائیاں انجام دیتی رہتی ہیں۔