امریکی فوجیوں کے انخلا کے وقت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے: عراق
عراق میں مشترکہ آپریشنل کمان کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ عراق سے امریکی فوجی انخلا کا وقت معین ہے اور امریکی فوج اپنے فوجی اڈوں کو بروقت عراقی فوج کے حوالے کر دیں گے۔
المعلومہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق میں مشترکہ آپریشن کے ترجمان تحسین الخفاجی نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کی تعداد اب بہت کم ہے اور طے شدہ سمجھوتے کی بنیاد پر باقی ماندہ امریکی فوجی بھی رواں سال کے اختتام تک عراق سے واپس چلے جائیں گے۔
اس ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی فوجیوں نے بہت سے فوجی اڈے عراقی فورسز کے حوالے کر دیئے ہیں اور کچھ ہی ایسے اڈے باقی بچے ہیں جو امریکی فوجی تربیت و مشاورت کے مرکز کے طور پر اب بھی سرگرم عمل ہیں۔
امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے طے شدہ سمجھوتے کی بنیاد پر مقررہ وقت کے اندر عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ انخلا کے اس وقت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
واضح رہے کہ عراقی عوام اور سیاسی دھڑے ایک عرصے سے امریکی دہشتگردوں کے انخلا کا مطالبہ کرتے چلے آ رہے ہیں اور عراقی پارلیمنٹ پانچ جنوری دو ہزار بیس کو امریکہ کے فوجی نما دہشتگردوں کے انخلا کی قرار داد بھی پاس کر چکی ہے۔