Nov ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۳ Asia/Tehran
  • عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوان۔ فائل فوٹو
    عراقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے جوان۔ فائل فوٹو

عراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی اس ملک کے مختلف علاقوں میں انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

بغداد الیوم کی رپورٹ کے مطابق الحشد الشعبی کے جوانوں نے جمعے کو صوبہ صلاح الدین میں کچھ کارروائیاں کرکے داعش کے کئی زیرزمین سرنگوں کا پتہ لگا کر انھیں تباہ کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق اس کارروائی میں صلاح الدین کے کچھ علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا بھی کر دیا گیا۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ ابھی کچھ دنوں پہلے ہی عراق کے سیکورٹی اہلکاروں نے صوبہ صلاح الدین میں ایک وسیع کارروائی کرکے بڑی تعداد میں تکفیری داعش دہشت گردوں کے اسلحے ضبط کرلئے تھے۔ کچھ دنوں قبل داعش دہشت گردوں کا ایک گروہ صوبہ دیالہ کے بعض علاقوں میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا جو الحشدالشعبی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ناکام ہوگئی۔

داعش کے خلاف عراقی فوج اور سیکورٹی اہلکاروں کی کئی برس کی کارروائی کے بعد دسمبر دو ہزارسترہ میں اس دہشتگرد گروہ کی شکست اور سکے چنگل سے تمام علاقوں کی آزادی کا اعلان کردیا گیا تھا تاہم اس کے بعض عناصر اب بھی بعض علاقوں میں روپوش ہیں جو گاہے بگاہے دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں۔

ٹیگس