یواے ای کا ایک وفد تہران کا دورہ کرے گا
متحدہ عرب امارات کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کا ایک وفد جلد ہی ایران کا دورہ کرے گا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے اعلی عہدیدار انور قرقاش نے روئٹرز سے گفتکو میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کا ایک وفد، دو طرفہ تعلقات میں توسیع کے لئے تہران کا دورہ کرے گا۔
انور قرقاش نے دعوی کیا کہ متحدہ عرب امارات کو ایران کی علاقائی سرگرمی پر تشویش ہے۔
متحدہ عرب امارات کے اس اعلی عہدیدار نے اقتصادی گفتگو اور تعاون، ایران کے ساتھ اعتماد بحالی کے اقدامات کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ اس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
انور قرقاش کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے ایٹمی مذاکرات کا نتیجہ مثبت ہوتا ہے تو ایران کی پالیسیوں کے بارے میں پائی جانے والی ساری تشویشیں ختم نہیں ہوں گی۔
متحدہ عرب امارات کے اعلی عہدیدار انور قرقاش نے تہران سے تعلقات میں بہتری کے لئے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کی خبر دی اور کہا کہ ایک وفد جلد ہی ایران کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے اماراتی وفد کے تہران دورے کے بارے میں کہا کہ جتنا جلدی ہوگا اتنا اچھا ہوگا۔