Jan ۳۰, ۲۰۲۶ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے سربراہان مملکت سے صدر مملکت کی ٹیلی فونی گفتگو، مذاکرات پر مبنی طریقہ کار کو مضبوط بنانے پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے آج ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے سربراہان مملکت سے ٹیلی فونی گفتگو میں کشیدگي کم کرنے کے لئے مذاکرات پر مبنی طریقہ کار کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے

سحرنیوز/ایران:    ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران اور ترکیہ کے صدور نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے خطے میں اشتعال انگیز، کشیدگی بڑھانے والے اور جنگی اقدامات سے گریز کی اپیل کی۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے صدور نے کہا کہ مسائل کا حل بات چیت، باہمی احترام اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ گفتگو کے دوران صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں رہتے ہوئے دھمکی ، زبردستی اور طاقت کے استعمال کی نفی، اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔

اس ٹیلیفونک گفتگو میں دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے علاقائی تعاون کی اہمیت، خطے کے ممالک کے مثبت اور تعمیری کردار، پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کے طریقۂ کار کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channe

 

دریں اثنا صدر مملکت مسعود پزشکیان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا کہ ایران ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور تعاون کا راستہ اپناتا رہا ہے اور کسی بھی صورت جنگ کا خواہاں نہیں ہے۔ صدر مملکت نے امارات کے صدر سے گفتگو میں اسلامی ممالک کی جانب سے ایران کی حمایت اور مثبت مؤقف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے زور دیا کہ خطے کے ممالک کو کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے مسلسل اور مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں امن، سلامتی اور پائیدار استحکام کا قیام ایران کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے صدر پزشکیان سے گفتگو پر خوشی کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنے ملک کی سفارتی کوششوں کا ذکر کیا۔ شيخ محمد بن زاید نے مسائل کے حل میں سفارتکاری اور مکالمے کو ترجیح دینے اور جنگ سے گریز کی ایرانی پالیسی کو سراہا ۔

 

ٹیگس