Dec ۰۵, ۲۰۲۱ ۱۷:۴۷ Asia/Tehran
  • عالمی برادری کے منافقانہ اور سعودی نواز کردار پر یمنی حکومت کی تنقید

یمن کی قومی مرکزی حکومت کے ترجمان نے اپنے ملک کے نہتھے اور بےگناہ عوام کے خلاف جارح سعودی اتحاد کے جرائم جاری رہنے کی مذمت کی ہے۔

العھد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی قومی مرکزی حکومت کے ترجمان محمد عبد السلام نے سعودی عرب کے جرائم اور یمن کے مظلوم عوام کی جانب سے عالمی برادری کی بے توجہی کو سخت ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری، سعودی اتحاد کو مزید جرائم کے ارتکاب کی ترغیب دلا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے یمنی عوام کی مظلومیت اور ان پر ہونے والی بیرونی جارحیت کی جانب سے آنکھ بند کر رکھی ہے۔

عبد السلام نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے سعودی اتحاد کے دشمنانہ اقدامات کو نظرانداز کرنا، اس جارح اتحاد کو یمنی عوام کے خلاف مزید جرائم کے ارتکاب کے لئے ترغیب دلانے اور ہمہ جانبہ محاصرے کو مزید سخت کرنے کے مترادف ہے۔ محمد عبد السلام نے جارح سعودی اتحاد کے سلسلے میں عالمی برادری کے موقف کو منافقانہ قرار دیا اور کہا کہ بلاشبہ اس طرح کا دہرا رویہ اس بات کا باعث بنا ہے کہ یمنی عوام اپنے وطن کے دفاع کے سلسلے میں ماضی کے مقابلے میں مزید پرعزم ہو جائیں۔

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کی رکن محمد علی الحوثی نے بھی اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھا ہے کہ یمن میں قیام امن کے بارے میں سعودی منصوبہ نہایت ابتدائی ہے اور ہماری جانب سے پیش کیا جانے والا منصوبہ ملت یمن کے لئے اور اس کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کے ساتھ ابتدائی مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے جو اس نے اپنی ناکامیاں اور کمزوریاں چھپانے اور اپنے ناجائز مطالبات منوانے کے لئے شروع کیا تھا۔

 

ٹیگس