Dec ۰۶, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • فلسطینی نوجوان کی شہادت پسندانہ کارروائی صیہونی غاصبوں کے خلاف ایک فطری رد عمل ہے: فلسطینی تنظیمیں

فلسطینی استقامتی گروہوں نے شمالی غرب اردن کے علاقے طولکرم میں شہادت پسندانہ کارروائی کی مبارک باد دی ہے اور اسے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی دشمن کے مسلسل جرائم کا فطری جواب قرار دیا ہے۔

فلسطینی استقامتی گروہوں نے طولکرم میں شہادت پسندانہ کارروائی کو ایک استقامتی کارروائی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انقلاب اور تحریک انتفاضہ غاصبانہ قبضے کے خاتمے سے نجات کا واحد راستہ ہے۔

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ یہ ایک انقلاب سوزاں ہے اور نوجوانوں نے خود کو غاصبانہ قبضے سے نجات دلانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور جب تک فلسطینی زمینوں سے صیہونی سامراج کا خاتمہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک وہ راہ استقامت میں آگے بڑھتے رہیں گے۔

فلسطین کی تحریک الاحرار نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ طولکرم کے قریب اسرائیلی فوجی کو کچلنے کی جرئت مندانہ کارروائی کی جڑیں ہمارے عوام کے دل و دماغ میں رچے بسے استقامتی جذبے کی تصدیق کرتی ہے اور یہ صیہونیوں کے اشتعال انگیز اقدامات کا فطری جواب ہے۔

تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما محمد شلح نے بھی اس جرئت مندانہ اقدام کی مبارک باد پیش کی اور غاصبوں کو اپنی سرزمین سے باہر نکالنے تک ان کے خلاف مکمل استقامت و پائداری کی روش پر زور دیا۔ محمد شلح نے فلسطین الیوم نیوز ایجنسی کو انٹریو دیتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں سے تصدیق ہوتی ہے کہ مقبوضہ غرب اردن کے انقلابی جوان غاصب حکومت کے لئے ہمیشہ حیران کن بنے رہے ہیں اور وہ اپنی پوری طاقت سے اپنی سرزمینوں پر قابض صیہونی فوجیوں اور انتہاپسند صیہونیوں کی زندگی جہنم بناتے رہیں گے۔

 فلسطین کی دیگر عوامی استقامتی تنظیموں نے بھی بیان جاری کرکے جنوبی طولکرم میں اس شجاعانہ اور جرئت مندانہ کارروائی کی مبارک باد دی اور اسے فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی دشمن کے مسلسل جرائم کا فطری جواب قرار دیا۔

صیہونی دہشتگردی سے پریشان ایک فلسطینی نوجوان نے غرب اردن میں آج اپنی گاڑی سے ایک صیہونی فوجی کو کچل دیا اور خود گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہوگیا۔

اتوار کو بھی غاصبوں کے اشتعال انگیز اقدامات سے تنگ آئے ایک فلسطینی نوجوان نے شہادت پسندانہ کارروائی کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس میں باب العامود کے قریب کچھ  انتہاپسند صیہونیوں پر چاقو سے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں ایک صیہونی آبادکار زخمی ہو گیا تھا۔ صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی نوجوان کو بھی فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔

ان دنوں مقبوضہ فلسطین میں فلسطینیوں کی شہادت پسندانہ کارروائیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی مقبوضہ بیت المقدس میں شیخ فادی ابوشخیدم نے غاصبوں پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں ایک صیہونی ہلاک اور کئی زخمی ہو‏ گئے تھے۔

ٹیگس