عراق میں دھماکے سے 16 جاں بحق، عام سوگ کا اعلان
عراق کے صوبہ بصرہ میں ہونے والے دھماکے کے بعد اس صوبے کے گورنر نے 3 روز کیلئے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔
السومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبہ بصرہ کے گورنر اسعد العیدانی نے بصرہ میں ہونے والے دھماکے کو دہشتگردانہ کارروائی قرار دیا اور اس کی مذمت کرتے ہوئے اس صوبے میں 3 روز کے عام سوگ کا اعلان کیا۔
عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں الجمہوری اسپتال کے قریب کل زوردار بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے ۔ دھماکے کے بعد کالے دھوئیں کے بادلوں نے آسمان کو ڈھانپ لیا اور ہر طرف چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔
ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے جائے حادثہ سے ہلاک اور زخمیوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا ۔ زخمیوں میں سے 13 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ۔
عراق کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے ھمدردی کا اظہار کیا ہے۔