جارح سعودی اتحاد کے 40 سے زائد کرائے کے فوجی ہلاک
مآرب میں جارح سعودی اتحاد کے خلاف یمنی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 40 سے زیادہ بھاڑے کے فوجی مار گرائے۔
یمنی فوج اور رضاکار فورس نے مفرور و مستعفی صدر منصور ھادی کے خلاف لڑائی میں 41 کرائے کے فوجی مار گرائے جس میں ایک بڑا کمانڈر بھی شامل ہے۔
یمن کے فوجی ذرائع کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق، مآرب شہر کے اطراف میں منصور ہادی کے کرائے کے فوجیوں اور یمنی فورسز کے مابین جھڑپیں ہوئیں۔ مآرب کے جنوب مشرق میں واقع وادی عبیدہ علاقے میں ہوئی جھڑپ میں سعودی عرب کے 41 زرخرید فوجی مارے گئے جن میں کئی بڑے فوجی عہدیدار بھی شامل ہیں۔
اس سے پہلے پیر کو ہی مآرب کے البلق مورچہ پر یمنی فورسز کی خصوصی کارروائی میں یمن کی مستعفی حکومت کی فوجی کارروائی کے شعبے کا سربراہ ’ناصر الذیبانی‘ کئی دوسرے کمانڈروں کے ساتھ ہلاک کر دیا گیا تھا۔
یمن کے صنعاء صوبے کے مشرق میں واقع اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل صوبے مآرب کو آزاد کرانے کی کارروائی پچھلے سال شروع ہوئی اور اس وقت صوبے کے زیادہ تر علاقوں پر یمنی فورسز کا کنٹرول ہو چکا ہے۔ مآرب تیل اور گیس جیسے قدرتی ذخائر سے مالامال یمن کا ایک صوبہ ہے۔