Dec ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • فلسطینی قیدیوں پر تشدد کے حوالے سے غاصب صیہونی حکومت کوانتباہ

فلسطینی قیدیوں کے اطلاع رسانی کے مرکز اور فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے فلسطینی قیدیوں پر تشدد اور ان کے حالات سخت سے سخت بنائے جانے نیز کشیدگی پیدا کرنے پر غاصب صیہونی حکومت کو سخت خبردار کیا ہے۔

فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی قیدیوں کے اطلاع رسانی کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی قیدیوں خاص طور سے فلسطین کی خواتین قیدیوں کے بارے میں اسرائیلی جیل حکام کا نامناسب رویّہ اور غاصب صیہونی حکومت کی جیلوں کی نہایت ابتر صورت حال مقبوضہ فلسطین میں کشیدگی کے ایک اہم عامل میں تبدیل ہوگئی ہے۔

فلسطینی قیدیوں کے اطلاع رسانی کے مرکز نے کہا ہے کہ النفحہ جیل کے بارہویں شعبے میں فلسطینی قیدیوں پر مظالم ڈھائے جانے کی خبریں موصول ہونے کے بعد آئندہ چند گھنٹے میں کسی بھی وقت خطرناک کشیدگی پیدا ہونے کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ فلسطینیی قیدیوں کے امور کے انفارمیشن مرکز نے گذشتہ چند روز میں بارہا غاصب صیہونی حکومت کی جیلوں میں شدید کشیدگی کی خبر دی تھی اور اعلان کیا تھا کہ درجنوں فلسطینی قیدیوں کی حالت زار کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں ہے۔

قیدیوں کے امور سے متعلق تحریک حماس کی کمیٹی نے بھی موجودہ صورت حال پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ موجودہ صورت حال میں یہ کمیٹی ہر طرح کے مسائل کا ذمہ دار غاصب صیہونی حکام کو سمجھتی ہے اور ہر طرح کے ٹکراؤ اورکشیدگی کے نتائج کے ذمہ دار بھی یہی غاصب صیہونی حکام ہوں گے۔

فلسطین کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کی جیلوں میں اس وقت بھی چار ہزار چھے سو پچاس فلسطینی قیدی موجود ہیں جن میں ایک سو اسّی قیدی چھوٹے بچے ہیں۔

اسی اثنا میں فلسطینی ذرائع نے مغربی جنین میں ایک فلسطینی کی شہادت پسندانہ کارروائی میں اس فلسطینی نوجوان کی شہادت اور اس کارروائی کے نتیجے میں متعدد صیہونی فوجیوں کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے۔ خبروں کے مطابق ایک فلسطینی نوجوان نے غرب اردن کے شہر جنین کے مغربی علاقے میں دوتا نامی چیک پوسٹ پر شہادت پسندانہ حملہ کرتے ہوئے کئی صیہونی فوجیوں کو زخمی کر دیا۔اس فلسطینی نوجوان نے غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں صیہونی فوجیوں پر اپنی گاڑی چڑھادی جس کے نتیجے میں کئی صیہونی فوجی زخمی ہو گئے۔

عبری زبان کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں فلسطینی نوجوان کی گاڑی میں آگ لگ گئی۔ فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ شہادت پسندانہ کارروائی انجام دینے والا فلسطینی نوجوان اپنے اس دلیرانہ اقدام کے نتیجے میں شہید ہو گیا۔

ٹیگس