شہید قاسم سلیمانی استقامتی محاذ کے دل کی دھڑکن
افغانستان کی معروف ثقافتی شخصیت نے کہا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہونے تک افغانستان کے عوام کے حامی تھے اور وہ یمنی، عراقی اور شامی مجاہدین کے دل کی دھڑکن تھے۔
افغانستان کی معروف ثقافتی اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیت سید عیسی حسینی مزاری نے افغانستان کی صورتحال میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے کردار کے عنوان سے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھیں اسلامی انقلاب کی کوکھ سے جنم لینے والی ایک عظیم اور مثالی شخصیت و رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی افغانستان کے مجاہدین کیلئے اخلاقی اورعقیدتی اور اسی طرح مجاہدانہ زندگی گزارنے کے حوالے سے مثالی اور آئیڈیل شخصیت تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید جنرل قاسم سلیمانی شروع سے ہی افغانستان کے عوام کے حامی اور افغانستان کے مجاہدین کے ساتھ تھے۔
سید عیسی حسینی مزاری نے افغانستان کے عوام کے لئے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی حمایت اور خدمات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے حتی افغانستان میں امریکہ نواز حکومتوں کے دور میں بھی افغانستان کے عوام کی مدد و حمایت کی ۔
واضح رہے کہ 3 جنوری 2020 کو دہشتگرد امریکی فوجیوں نے بغداد ایئرپورٹ کے قریب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اورعراق کی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابومہدی المہندس کو ان کے آٹھ ساتھیوں سمیت شہید کردیا تھا۔
ایران کے القدس بریگیڈ کے کمانڈرجنرل قاسم سلیمانی عراقی حکومت کی دعوت پراس ملک کے دورے پرتھے۔