Jan ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۱ Asia/Tehran
  • سردار محاذ استقامت کی برسی کے موقع پر عراق میں ملین مارچ اور اجتماع

سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کی تقریبات اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہی پوری دنیا میں جاری ہیں۔

عراق کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے سردار محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید جنرل ابو مہدی المہندس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف تقریبات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اس مناسبت سے عراق کی مختلف شاہراہوں، سڑکوں اور چوراہوں پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی رضاکار فورس حشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈرشہید جنرل ابومہدی المہندس کی تصویریں، بڑے بڑے بینرز اور پرچم نصب کئے گئے ہیں جبکہ عراق کے تمام سرکاری و غیرسرکاری ٹی وی چینل اس مناسبت سے مختلف قسم کے خصوصی پروگرام نشر کررہے ہیں۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ دارالحکومت بغداد کے مرکزی علاقے الجادریہ میں سنیچر کوعظیم الشان اجتماع منعقد ہوا جس میں پورے ملک کے مختلف علاقوں کے عوام نے جوق درجوق حصہ لیا تاکہ سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کو شایان شان خراج تحسین پیش کرسکیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی دن سے عراقی شہری اور مختلف قبیلوں کے عوام ملک کے مختلف علاقوں سے قافلوں کی شکل میں سرداران محاذ استقامت کی یاد میں منعقد ہونے والے مرکزی پروگرام میں شرکت کے لئے بغداد کے الجادریہ علاقے میں پہنچے تھے۔

سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی یاد میں ایک پروگرام ہندوستان کے شہر ممبئی میں بھی منعقد ہوا۔ ممبئی میں ہونے والے پروگرام میں مولانا سید محمد کراروی نے سردار قلوب شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس کے بارے میں کہا کہ یہ شہدائے استقامت زندہ و جاوید ہیں اور ان کی شہادت نے دنیا کو خواب غفلت سے بیدار کیا ہے۔ اس پروگرام میں اردو زبان میں رزمیہ ترانے بھی پڑھے گئے اور نوجوان اسکولی طلبا نے شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے فوجی وردی پہن کر پریڈ کی۔

شہدائے محاذ استقامت کی دوسری برسی کے موقع پر بحرین میں بھی انہیں یاد کیا گیا اور اس مناسبت سے مظاہرے کئے گئے اور استقامتی محاذ کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ بحرینی مظاہرین اپنے ہاتھوں میں شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابومہدی المہندس کی تصویریں اٹھا رکھی تھیں جبکہ بیچ میں بحرین کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ عیسی قاسم کی تصویر نظرآرہی تھی اور اس کے نیچے لکھا ہوا تھا ہم سب قاسم ہیں۔

یاد رہے کہ دہشت گرد امریکی فوجیوں نے تین جنوری دو ہزار بیس کو ایک فضائی حملہ کرکے بغداد ایئرپورٹ کے قریب جنرل قاسم سلیمانی اور حشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابومہدی المہندس کو شہید کردیا تھا ۔ شہید جنرل قاسم سلیمانی عراقی حکومت کی دعوت پر اس ملک کے سرکاری دورے پر تھے۔

 

 

ٹیگس