Jan ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۷:۴۱ Asia/Tehran
  • جنگ یمن میں سعودی اتحاد کی ایک اور رسوائی، اپنا دعویٰ ثابت کرنے کے لئے ہالی ووڈ فلم کی کٹنگ کا سہارا لیا

جنگ یمن میں پے در پے ناکامیوں اور رسوائی کے بعد جارح سعودی اتحاد نے یمن کی ٹیلی مواصلاتی تنصیبات کو تباہ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔دوسری جانب ایک یمنی عہدیدار نے سعودی اتحاد کی جانب سے جاری کیے جانے والے جعلی ویڈیو کلپ کو ہالی ووڈ فلم کی کٹنگ قرار دیا ہے۔

یمن کی قومی حکومت کے چیف مذاکرات کار اور ترجمان محمد عبدالسلام نے، جارح سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی کی جانب سے ، الحدیدہ میں یمنی فوج کی میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے سے متعلق میڈیا کو جاری کی جانے والی جعلی ویڈیو کلپ کو، سعودیوں کی رسوائی کا تسلسل قرار دیا ہے۔

مذکورہ ویڈیو کلپ پر تبصرہ کرتے ہوئے یمن کی قومی حکومت کے چیف مذاکرات کار محمد عبدالسلام نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ایک کے بعد ایک رسوائی اور ایک کے بعد ایک ناکامی تمہارا مقدر ہے۔ انہوں نے لکھا الحدیدہ کے قریب میزائل سائٹ کو نشانہ بنانے کے سعودی اتحاد کے ترجمان کے دعوے کا جائزہ لینے سے بخوبی پتہ چلتا ہے کہ یہ اتحاد جعلی خبریں بنا کر ایک ہالی ووڈ فلم کے حصے کو اپنی کامیابی کے طور پر پیش کرکے رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ہم تو پہلے بھی کہہ چـکے ہیں کہ سعودی اتحاد یمن کے بارے میں بالکل اسی طرح خبریں گڑھ رہا ہے جس طرح امریکہ نے عراق پر حملہ کرنے کی غرض سے گڑھی تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے عراق پر امریکی لشکر کشی کے بارے میں، ہدایت کار کرسٹین فریگ کی دستاویزی فلم سیوور کلیر کی ایک کٹنگ دکھاتے ہوئے دعوی کیا کہ الحدیدہ کی بندرگاہ کے قریب واقع یمنی فوج کی ایک میزائل سائٹ کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ جنگ یمن میں پے در پے ناکامیوں اور رسوائیوں کے بعد جارح سعودی اتحاد نے اس ملک کی ٹیلی مواصلاتی تنصیبات کو تباہ کرنے سلسلہ شروع کردیا ہے۔سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے، صوبہ صنعا کے شہر سحار کے قریب واقع شہری مواصلاتی نظام کے لیے استعمال ہونے والے ٹاوروں کو نشانہ بنایا ہے۔

'جارح سعودی اتحاد نے اتوار کے روز صوبہ عمران اور ہفتے کے روز صوبہ صعدہ میں بھی ٹیلی فون اور موبائل نیٹ ورک تنصیبات پر بمباری کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں یمن کے خلاف جارح سعودی اتحاد کی مسلط کردہ غیر قانونی جنگ کو سات سال مکمل ہوجائیں گے۔ سعودی عرب نے امریکہ ، متحدہ عرب امارت اور چند دیگر ملکوں کے ساتھ مارچ دوہزار پندرہ سے، یمن جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کے نتیجے میں اس ملک کا پچاسی فی صد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوگا ہے اور عوام کو دواؤں اور غذائی اشیا کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

سعودی جارحیت کے وجہ سے لاکھوں لوگ شہید اور زخمی جبکہ دسیوں لاکھ کو اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے تاہم ، سعودی عرب اور اتحادیوں کو اپنے مقاصد کے حصول میں مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔

ٹیگس