سعودی اتحاد کے جھوٹ کی پول کھل گئی، امریکی فلم کا ویڈیو جاری کرکے...
سعودی اتحاد نے باضابطہ طور پر اپنے جھوٹ کا اعتراف کر لیا ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کی جانب سے یمنی فوج کے ہتھیاروں کے ذخائر کا جعلی ویڈیو جاری کرنے کے بعد سعودی اتحاد کے ترجمان نے باقاعدہ اعلان کیا کہ مذکورہ ویڈیو فیک ہے۔
یمن کے صوبہ شبوہ کا منگل کے روز دورہ کرنے والے سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے باضابطہ اعلان کیا کہ سعودی اتحاد کی جانب سے یمنی فوج کے میزائلوں کے ذخائر پر مبنی جاری کیا گیا ویڈیو فیک اور جعلی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی اتحاد نے حال ہی میں ہتھیاروں کے ایک گودام کا ویڈیو جاری کیا تھا اور دعوی کیا تھا کہ یہ یمنی فوج کے ہتھیاروں کا گودام ہے لیکن صرف کچھ گھنٹے بعد ہی میڈیا میں یہ بات سامنے آنے لگی کہ اس ویڈیو میں شامل کلپ، ایک امریکی فلم سے لی گئی ہے۔
منگل کی شام سعودی اتحاد کے ترجمان نے یمن کے صوبہ شبوہ کے گورنر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مذکورہ ویڈیو کے جعلی ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ہم ویڈیو کے اعتبار اور کی حقیقت کو پرکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترکی المالکی نے کہا کہ متنازع ویڈیو ہمیں غلطی سے حاصل ہوئی اور یہ ذرائع کی غلطی کی وجہ سے ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے یمن کی قومی سالویشن حکومت کے سینئر مذاکرات کار محمد عبد السلام نے اس بارے میں کہا تھا کہ یہ بہت بڑی رسوائی ہے کہ جارح اتحاد کا ترجمان ایک امریکی فلم کی کلپ کا ویڈیو جاری کرکے دعوی کرے کہ یہ الحدیدہ میں تحریک انصار اللہ کی میزائل سائٹ کا ویڈیو ہے۔