حماس نے بھی یمنیوں کا ساتھ دیا، سعودی اتحاد کو دیا انتباہ
فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد جس طاقت پر اعتماد کئے ہوئے ہے اس کا علاقے میں کوئی مستقبل نہیں ہے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ایک سینئر رہنما محمد الزہار نے یمن پر سعودی اتحاد کے حملے کو، فلسطینیوں پر صیہونی حکومت کے حملے کے مانند قرار دیا اور کہا کہ عرب حکومتوں کو جان لینا چاہئے کہ مغرب اور صیہونی حکومت سے دوستی کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے سعودی- اماراتی اتحاد کے ہاتھوں عام یمنی شہریوں کے قتل عام پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خلیج فارس کے ساحلی عرب ممالک کو یمن کے بارے میں اپنی پالیسیوں اور صیہونی حکومت کے ساتھ سازش کی قیمت چکانی پڑے گی۔
انہوں نے المیادین چینل سے گفتگو کرتے ہوئے یمن پر حملے کو فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کی طرح قرار دیا اور کہا کہ میں یمنیوں کے خلاف جرائم کرنے والوں کو یہ مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ اپنے دین اور تاريخ کی جانب لوٹ آئیں کیوںکہ مغرب اور صیہونی حکومت کے ساتھ دوستی کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
فلسطین کے سینئر رہنما محمد الزہار نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ سعودی اتحاد مغرب اور صیہونی حکومت کی خوشنودی حاصل کرنے کے درپے ہے، کہا کہ خلیج فارس کے عرب ممالک شکست منصوبے کا انتخاب کیا ہے اور ایسے طاقتوں پر اعتماد کئے ہوئے ہے جس کا علاقے میں کوئی مستقبل نہيں ہے۔