Jan ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
  • سعودی اتحاد کی اندھی بمباری پر یمن کی قومی حکومت کا سلامتی کونسل کے نام مراسلہ

صنعا حکومت کی وزارت خارجہ نےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو حالیہ دنوں میں جارح سعودی- اماراتی اتحاد کے حملے تیز ہونے کے بارے میں ایک خط بھی ارسال کیا ہے۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صنعا حکومت کی وزارت خارجہ نے اپنے اس خط میں لکھا ہے کہ یمن کی دفاعی فورس اپنے ملک کے دفاع کا جائز و قانونی حق محفوظ رکھتی ہے۔

یمن کی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی امن و سیکورٹی کے تحفظ میں اپنا کردارادا کرے۔ یمن کی حالیہ جوابی اور انتباہی کارروائی کے بعد جارح سعودی اماراتی اتحاد نے یمنی شہروں بالخصوص صعدہ اور صنعا پر اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔ صعدہ پر جارح اتحاد کی وحشیانہ بمباری میں بیاسی افراد شہید اور دو سو چھیاسٹھ زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے جارح اتحاد کے خلاف جوابی کارروائی تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے مزید کاری ضربیں لگانے کے لئے طوفان یمن دو نامی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یمن کی سیاسی کونسل نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ طوفان یمن دو آپریشن آئندہ حملوں کا آغاز ہوگا اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کے خلاف تباہ کن حملوں کی خبر پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

سعودی عرب امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے یمن پر مارچ دوہزار پندرہ سے جارحانہ حملوں کے ساتھ ہی اس غریب عرب ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے جس کے باعث اس ملک کے عوام کو غذائی اشیا اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ تقریبا سات سال سے جاری سعودی امریکی جارحیت میں اب تک بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں سمیت یمن کے لاکھوں عام شہری شہید اور زخمی اور دسیوں لاکھ بے گھر ہوچکے ہیں۔

ٹیگس