جوابی حملوں سے امان چاہتے ہو تو جارحیت بند کرو: وزیر خارجہ یمن
یمن کی مرکزی حکومت نے زور دے کر کہا ہے کہ اگرچہ طوفان یمن آپریشن کی مذمت کی گئی ہے تاہم دنیا جانتی ہے کہ یہ کارروائی ہمارا قانونی حق تھی۔
یمن کے وزیر خارجہ ہشام شرف نے کہا کہ جو ممالک سعودی و اماراتی جارحین کے خلاف یمنی فوج کی کارروائی کی مذمت کرتے ہیں، انہیں جان لینا چاہئے کہ یمن کے عوام کے لئے اب جارحیت کے جواب میں حقیقی اقدامات انجام دینا جتنا اہم ہے، اس کے سامنے ملکوں کی مذمت کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
ہشام شرف نے کہا کہ اگر جارح ممالک چاہتے ہیں کہ یمن جواب نہ دے تو انہیں جارحیت بند کر دینا چاہئے اور امن کا راستہ اختیار کرنا چاہئے۔ یمن کی مرکزی حکومت کے وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ جو لوگ صنعا کو دہشتگردوں کی فہرست میں رکھنے کی دھمکی دے رہے ہیں ان سے ہم کہنا چاہتے ہیں کہ یہ جارح سعودی اماراتی اتحاد ہے جو گذشتہ سات برس سے یمن کے عوام کو قتل کر رہا ہے اور اس کا محاصرہ کئے ہوئے ہے۔
یمن کی مسلح افواج نے گذشتہ ایک ہفتے میں ابوظہبی اور دبئی کے خلاف طوفانِ یمن ایک اور طوفان یمن دو نامی فوجی کارروائیاں انجام دی ہیں اور انہیں میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔