عراقی فوج کی بڑی کارروائی، داعش کے 4 دہشتگرد ہلاک
عراقی فوج نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے داعش کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
الفرات نیوز نے بتایا ہے کہ داعش کے دہشتگردوں کے خلاف عراقی فوج کی کارروائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور فوج کی ایک کارروائی کے دوران صوبہ صلاح الدین میں داعش کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
یہ کارروائی ان اطلاعات کے بعد کی گئی کہ امریکہ شام اور عراق میں داعش کے عناصر کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کررہا ہے۔
واضح رہے کہ 21 جنوری کو دہشتگرد گروہ داعش نے صوبہ دیالی کے حاوی العظیم کے دیہی علاقوں «الطالعه»، «وام» اور «الکرمی» پر دہشتگردانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں عراقی فوج کے 11 اہلکار جاں بحق ہوئے۔
عراق اور شام میں داعش کی شکست کے بعد سے امریکی فوجی اس دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کو اپنی نگرانی میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے چلے آرہے ہیں۔
عراق نے 2017 میں داعش کی شکست کا اعلان کیا تھا، لیکن اس گروہ کے باقی بچے عناصر اب بھی بعض علاقوں میں موجود ہیں اور گاہ بہ گاہ عراقی عوام اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی ملک بھر میں داعش کے باقی بچے عناصر کا تعاقب کر رہی ہیں۔