Feb ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کے لئے طالبان اورقطرکے درمیان معاہدہ

افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا کے لئے طالبان اورقطرکے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق معاہدے کے مطابق  کابل ائیرپورٹ سے چارٹر پروازوں کے ذریعے غیرملکیوں کا انخلا دوبارہ سےشروع ہوگا۔ کابل ائیرپورٹ سے قطر ائیرویز کی ہفتے میں 2 چارٹرڈ پروازیں چلائی جائیں گی۔

چارٹرپروازوں سے امریکہ اور دیگر ممالک اپنے شہریوں کو افغانستان سےنکالیں گے۔ ان پروازوں کے ذریعے جان کےخطرے سے دوچار افغانوں کا بھی انخلا کرایاجائےگا۔

قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمان الثانی نے طالبان سے معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔

قطرکے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے امریکی ویب سائٹ اکسیوس کو کہا ہے کہ دوحہ نے کابل ایئرپورٹ سے انخلاء کی پروازیں بحال کرنے کیلئے طالبان کیساتھ معاہدہ کیا ہے۔

قطر کے وزیر خارجہ نے جو اس ملک کے وزیر اعظم بھی ہیں اکسیوس سے کو دیئے گئے انٹرویو میں مختلف موضوعات بشمول واشنگٹن میں قطری سفارت خانے میں امریکی صدر جو بائیڈن اور سیکرٹری دفاع لوید آسٹن اور دیگر امریکی حکام سے ملاقات کے بعد مختلف امور پر تبصرہ کیا۔

محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا کہ جب تک کہ طالبان، افغان آریانا ایئرلائن کی ممکنہ ہفتہ وار پرواز کیلئے سکیورٹی کے تقاضوں پر رضامند نہیں ہو جاتے اس وقت تک  مذاکرات جاری رہیں گے، لیکن ابھی کوئی معاہدہ حتمی نہیں ہوا ہے۔

یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی جب قطر، ترکی اور طالبان نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ وہ حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے انتظام اور آپریشن کے حوالے سے کئی اہم معاملات پر متفق ہو گئے ہیں۔

ٹیگس