Feb ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • شمالی عراق میں سات داعشی دہشتگرد ہلاک

عراقی سیکورٹی ذرائع نے شمالی عراق میں داعش کے اڈوں پر جنگی طیاروں کے حملوں میں کم سے کم سات دہشتگرد وں کی ہلاکت کی خبر دی ہے

عراق نے دسمبر دوہزار سترہ میں داعش کے خلاف تقریبا ساڑھے تین برس کی جنگ کے بعد اس گروہ کے چنگل سے پورے ملک کی رہائی کا اعلان کیا تھا  تاہم بغداد ، صلاح الدین ، دیالہ ، کرکوک ، نینوا اور الانبار صوبوں کے بعض علاقوں میں ان کے باقیات اب بھی  کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں ۔ عراق کے تقریبا ایک تہائی حصے پر داعش نے قبضہ کر رکھا تھا ۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے سیکورٹی ذرائع نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ عراق کے شمالی صوبے نینوا کے الخضر کے جنوبی علاقے میں داعش عناصر کے اہم خفیہ اڈوں پر عراقی فضائیہ کے ایف سولہ جنگی طیاروں نے کامیاب کارروائی انجام دی ہے۔

داعش دہشت گرد گروہ کے باقیات اسی خفیہ اڈے کو اپنے ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

اس رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے ان حملوں میں دہشت گردوں کا یہ اڈہ پوری طرح تباہ ہوگیا ہے اور اس میں چھپے تمام داعشی ہلاک ہوگئے ہیں۔ عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی رسول نے گذشتہ ہفتے دہشت گرد عناصر کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کی خبردی تھی اور کہا تھا کہ صوبہ صلاح الدین میں داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف یہ جدید اورخصوصی آپریشن عراق کی بری اور فضائی فوج انجام دے رہی ہے۔

عراقی سیکورٹی اہل کار داعش اور اس کے فراری عناصر کو دوبارہ ابھرنے سے روکنے کے لئے داعش کے باقیات کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر پورے ملک سے ان کا صفایا کر رہے ہیں۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

ٹیگس