عراق کی استقامتی تنظیم کا یو اے ای کو سخت انتباہ، باز آجاؤ ورنہ سنہ 1971 کی طرف پلٹ جاؤ گے
الوعد الحق نامی ایک عراقی گروہ نے متحدہ عرب امارات کو اسکی حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔
الوعد الحق نامی عراق کے استقامتی گروہ نے اپنے بیان میں متحدہ عرب امارات کو انتباہ دیا کہ اس ملک کی تنصیبات، ٹاور، بندرگاہیں اور شہر استقامتی تنظیم کے لئے جائز اہداف ہیں۔
اس گروہ نے اپنے بیان میں متحدہ عرب امارات کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے اگر انتقامی کارروائی شروع ہو گئی تو کوئی بھی فرار کا راستہ نہیں ہوگا۔
اس بیان میں آیا ہے: موقع کو غنیمت سمجھئے ورنہ سنہ 1971 سے پہلے والی حالت میں آپ کو پلٹا دیں گے۔
”الویۃ الوعد الحق ابناء جزیرۃ العرب“ نامی گروہ نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس نے متحدہ عرب امارات کے اندر سب سے اہم تنصیبات کو چار ڈرون سے نشانہ بنایا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے ایک بیان میں اس حملے کی تائید کی اور دعوی کیا کہ تین ڈرون کو منہدم کردیا گیا ۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ گروہ عراقی ہے اور اس سے پہلے سعودی عرب کے خلاف بھی کارروائی کر چکا ہے۔
یاد رہے کہ یمن پر ۲۰۱۵ سے جارحیت میں مصروف سعودی اتحاد میں عرب امارات بھی پیش پیش ہے جس کو سنجیدہ سبق سکھانے کا فیصلہ اب یمنی فورسز نے لے لیا ہے اور اسی تناظر میں انہوں نے اب تک عرب امارات کے متعدد حساس مراکز کو اپنے میزائل اور ڈرون حملوں سے نشانہ بنایا ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ یمن کی حمایت میں عراقی مزاحمتی گروہ کا میدان میں ظاہر ہونا ایک ایسی خبر ہے جسے ماہرین بڑا اہم قرار دے رہے ہیں جو مستقبل میں جنگ یمن میں شامل امارات کے حوالے سے بڑا حساس مسئلہ ثابت ہو سکتا ہے۔