اسرائیل اور یواے ای میں بڑھی کشیدگی، نئے بحران کی سگبگاہٹ
اسرائیل نے متحدہ عرب امارات سے آنے جانے والی پروازوں کو روکنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے اگر دبئی میں اس کی ایوی ایشن سیکورٹی کے نظام کو قبول نہيں کیا تو علاقائی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق اسرائیل کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ صیہونی وزیر ٹرانسپورٹ میرو مائکلی نے ایوی ایشن سیکورٹی کے حوالے سے جو شرطیں دبئی کے سامنے رکھی تھیں، اسے قبول کرنے کے لئے معین کی گئی مدت میں ایک مہینے کی توسیع کر دی ہے۔
اسی کے ساتھ اسرائیل نے دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سیکورٹی نظام کو لے کر یو اے ای پر دباؤ بڑھانا شروع کر دیا ہے۔
ایک اسرائیلی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبردار کیا ہے کہ اسرائیل، یو اے ای کے ساتھ اپنے ایوی ایشن تعاون کو ختم کر سکتا ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیلی ائیرلائنس الامارات کے لئے پرواز نہیں کر سکتی ہے تو اماراتی طیارے بھی یہاں لینڈنگ نہيں کر سکتے ۔
یو اے ای نے اگست 2020 میں وائٹ ہاوس کی ثالثی میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے سمجھوتے پر دستخط کر دیئے تھے، جس کی دنیا بھر میں مذمت ہوئی تھی۔
اس کے بعد سے کئی اعلی صیہونی حکام نے یو اے ای کا دورہ کیا ہے۔ صیہونی وزیر اعظم نفتالی بنیت نے گزشتہ سال دسمبر میں یو اے ای کا دورہ کیا تھا جبکہ صیہونی صدر نے ایک ہفتے پہلے کی ابو ظہبی کا دورہ کیا تھا۔