Feb ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  • یمنی عوام کی مظلومیت کی آواز دنیا بھر تک پہنچائی جائے: وزیر خارجہ یمن

یمن کے وزیر خارجہ نے یمنی قوم کی مظلومیت کی آواز کو پوری دنیا تک پہنچائے جانے پر زور دیا ہے۔

ہشام شرف نے منگل کے روز ملک کے انسانی حقوق مرکز کے اراکین سے ملاقات کی جس میں انہوں نے یمن میں سلامتی کاؤنسل اقوام متحدہ کی طرف سے ہونے والی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں آمادہ کی گئی رپورٹ کی قدردانی کرتے ہوئے پوری دنیا تک یمنی قوم کی مظلومیت کی آواز کو پہونچانے پر زور دیا۔

انہوں نے یمن کے معاملے میں یواین سکورٹی کاؤنسل کی خلاف ورزیوں کے بارے میں تحقیقات کو، یمنی عوام کی مظلومیت کی آواز دنیا والوں تک پہونچانے کی سمت اٹھنے والا قدم بتایا اور اس طرح کے اقدامات جاری رہنے پر تاکید کی۔

قابل ذکر ہے کہ کچھ روز قبل یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے کہا تھا کہ یمن پر جارح سعودی اتحاد کا یہ دعوی صحیح نہیں ہے کہ یمنی فورسز غیر فوجی مقامات کو فوجی اہداف کے لئے استعمال کر رہی ہے، بلکہ اس کا یہ دعوی یمن میں غیر فوجی تنصیبات و مراکز پر حملہ کو جائز ٹھہرانے کے لئے ہے۔

قابل ذکر ہے کہ یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت 26 مارچ سنہ 2015 سے شروع ہوئی جو اب تک جاری ہے۔ جارح اتحاد کے حملوں میں اب تک لاکھوں یمنی شہید و زخمی ہوئے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ بے گھر ہوئے ہیں۔ سعودی اتحاد نے یمن کی زمینی، ہوائی اور سمندری ناکہ بندی کر رکھی ہے جسکی وجہہ سے یمن میں صدی کا سب سے بڑا انسانی المیہ پیدا ہو گیا ہے۔ یمن کو دواؤں اور اشیاء خوردونوش کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔

دوسری طرف یمن پر جارح سعودی اتحاد نے الحدیدہ میں گزشتہ 48 گھنٹے میں 363 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

سویڈن کے دارالحکومت اسٹاکہوم میں صنعاء اور ریاض کے وفود کے مابین 18 دسمبر 2018 کو جنگ بندی کا معاہدہ ہوا، لیکن اس کے بعد سے ہی جارح سعودی اتحاد روزانہ کی بنیادوں پر اس جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر اترا ہوا ہے اور عملی طور پر یہ معاہدہ مکمل طور پر سبوتاژ ہو چکا ہے۔

 

 

ٹیگس