شیخ جراح محلے میں صیہونیوں کی یلغار
غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے ایک بار پھر مقبوضہ بیت المقدس کے شیخ جراح محلے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
مقبوضہ بیت المقدس کا شیخ جراح محلہ، گذشتہ دنوں سے انتہاپسند صیہونیوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں کا شکار رہا ہے۔اس محلے میں رہنے والے فلسطینی خاندانوں کو ان کا گھر بار چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے منگل کے روز بھی شیخ جراح محلے پرحملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔ شیخ جراح کے لوگوں نے میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جان دے دیں گے لیکن اپنے وطن کی حفاظت کرتے رہیں گے۔
شیخ جراح کے باشندوں کو ان کے گھروں سے باہر نکالنے کے صیہونی حکومت کے فیصلے کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں حماس کے ترجمان محمد حمادہ نے شیخ جراح پر صیہونی انتہاپسندوں اور صیہونی فوجیوں کے حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شیخ جراح محلے میں فلسطینیوں پر صیہونی فوجیوں اور انتہاپسندوں کا حملہ کھلی جارحیت اور آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ پورا فلسطین پوری طاقت سے بیت المقدس کی حفاظت کے لئے اٹھ کھڑا ہوگا۔