یوکرین میں حزب اللہ کی موجودگی کی خبر محض مغربی افواہ ہے: حسن نصراللہ
لبنان کی حزب اللہ تنظیم کے جنرل سکریٹری سید حسن نصر اللہ نے مغربی میڈیا کے غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں حزب اللہ کسی بھی شکل میں موجود نہیں ہے۔
انہوں نے جمعہ کی شب ایک تقریر میں ان میڈیا حلقوں کی خبروں کو بے بنیاد بتایا جن میں حزب اللہ فورسز کی یوکرین میں موجودگی کی بات کہی گئی ہے۔
ایران پریس کے مطابق، سید حسن نصر اللہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ یوکرین میں حزب اللہ کسی بھی شکل میں موجود نہیں ہے، لبنانی حکومت سے بحران کو قابو کرنے والے ایک سینٹر کے تشکیل دینے کا مطالبہ کیا، کیونکہ یوکرین جنگ کے اثرات اب لبنان سمیت خطے تک پہونچ گئے ہیں۔ حسن نصر اللہ نے کہا کہ یوکرین میں حزب اللہ نہ تو صلاح مشورے اور نہ ہی عسکری مقاصد، کسی بھی شکل میں موجود نہیں ہے۔
ادھر کچھ دنوں سے مغرب نواز میڈیا حلقوں نے یوکرین میں روس کی حمایت میں حزب اللہ فورسز کی موجودگی کی افواہ پھیلائی ہے۔
روس نے یوکرین کی دونتسک اور لوھانسک جمہوریاؤں کی حمایت میں 24 فروری سے یوکرین کے خلاف کارروائی شروع کی ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی جنگ شروع کرنے کے معنی میں نہیں بلکہ عالمی پیمانے پر جنگ کو روکنے کی کارروائی ہے۔