Apr ۰۱, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۹ Asia/Tehran
  • نیویارک میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے

یوم ارض کی مناسبت پر واشنگٹن میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے ہوئے جس میں صیہونی حکومت اور صیہونیت کے خلاف زبردست نعرے لگائے گئے۔

 تیس مارچ کو فلسطینی عوام یوم ارض مناتے ہیں ۔ یہی وہ تاریخ ہے جب غاصب صیہونیوں نے فلسطینیوں کی زمینوں کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کرلیا تھا ۔ فلسطینی عوام نے غاصبوں کے اس اقدام پر ردعمل میں احتجاجی مظاہرے کئے تھے جس کے دوران غاصب صیہونی فوجیوں نے متعدد فلسطینیوں کو گولی مار کر شہید اور زخمی کردیا تھا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں کےسیکڑوں حامیوں نے نیویارک میں صیہونی حکومت سے متعلق اداروں کے سامنے اکٹھا ہو کر صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاج کیا ۔ فلسطینیوں کے حامی مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ کامیابی کے حصول تک انتفاضہ جاری رہے گی۔

فلسطینیوں کے حامی مظاہرین نے جو میڈٹاؤن منہٹن کی جانب رواں دواں تھے ، اسرائیلی فوجیوں کے حامی اورصیہونی منصوبوں کو فنڈ فراہم کرنے والے اداروں کے سامنے جمع ہوئے اور احتجاج کیا۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ کامیابی کے حصول تک انتفاضہ جاری رہے گا، ہم اپنی زندگی میں ہی فلسطین کو آزاد کرا کے دم لیں گے اور واپسی تک استقامت جاری رہے گی ۔

مظاہرین نعرہ لگا رہے تھے کہ دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہوکر رہے گا ، جب عوام ، غلام بنا لئے جائیں تو استقامت ان کا جائزحق ہوجاتا ہے۔ ان مظاہروں میں صیہونیت مخالف گروہوں نے بھی حصہ لیا اور یہودیت کے حق میں اور صیہونیت وصیہونی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

ٹیگس