Apr ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملے پر امت مسلمہ میں شدید غم و غصہ

اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کی کسی بھی قسم کی بے حرمتی تمام مقبوضہ علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف انتفاضہ کے زور پکڑنے اور امت مسلمہ میں غم و غصہ بھڑک اٹھنے کا باعث بنے گی۔

اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل کی قدس اور انتفاضہ کمیٹی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی کی کسی بھی قسم کی بے حرمتی تمام مقبوضہ علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف انتفاصہ کے مزید زور پکڑنے اور امت مسلمہ میں غم و غصہ بھڑک اٹھنے کا باعث بنے گی۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کے مقدس مقام کو جارحیت کا نشانہ بنائے جانے سے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینیوں کی تحریک انتفاضہ مزید تیز ہوگی۔

ایران کے ادارہ تبلیغات اسلامی کی قدس کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیون کی استقامتی اور مزاحمتی تحریکوں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کو منھ توڑ جواب دیا جائے گا اور اس غاصب حکومت کی بساط لپیٹ کر رکھ دی جائے گی ۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضیافت اللہ اور رمضان المبارک میں جمعےکے روز مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی میں روزہ دار فلسطینی نمازیوں پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت ، پوری امت مسلمہ میں شدید غم و غصہ بھڑک اٹھنے کا باعث بنا ہے اور اس وحشیانہ اقدام کے نتیجے میں بے بس غاصب صیہونی حکومت اپنا بچاؤ کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کا یہ شیطانی اقدام صفحہ ہستی سے اس سرطانی پھوڑے کے مٹ جانے کا سنگ میل ثابت ہوگا اور غاصب صیہونی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے جو اپنے زوال سے بہت تیزی سے قریب ہوتی جا رہی ہے۔

ایران کے ادارہ تبلیغات اسلامی کی قدس اور انتفاضہ کمیٹی نے اس بیان میں کہا ہے کہ آج فلسطینیوں کی نئی نسل اور غیرت مند فلسطینی نوجوانوں کی نئی دلیرانہ انتفاضہ نے پوری دنیا پر اس بات کو واضح کر دیا ہے کہ فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور اور پختہ عز م و ارادے کے ساتھ میدان عمل میں ڈٹی ہوئی ہے جس نے صیہونی حکومت کی طاقت کا بھرم توڑ کر رکھ دیا اور اس کے سارے عزائم خاک میں ملا دیئے۔

ادارہ اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل کی قدس اور انتفاضہ کمیٹی نے مسجد الاقصی پر جارحیت اور اس مقدس مرکز کی بے حرمتی نیز فلسطینی نمازیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تمام تنظیموں نیز تمام اسلامی ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فسطائی دور کے ظلم و جور اور اس جارحیت کو بند کرانے کے لئے اپنے انسانی و تاریخی نیز شرعی فرائض پرعمل کریں اور مظلوم فلسطینیوں اور ان کی مزاحمتی تحریکوں کی بھرپور حمایت کریں۔

واضح رہے کہ جمعے پندرہ اپریل سنہ دو ہزار بائیس کو علی الصبح مسجد الاقصی میں اعتکاف کر رہے مسلمانوں پر صیہونی فوجیوں نے حملہ کردیا جس کے دوران ایک سو اٹھاون فلسطینی زخمی ہوئے اور چار سو دیگر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ٹیگس