Apr ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۰ Asia/Tehran
  • مسجد الاقصی کے دفاع کی لئے سبھی فلسطینی سڑکوں پر نکلیں، حماس

فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجدالاقصی کے دفاع کیلئے تمام فلسطینی جمعہ کے روز فلسطین کے گوشہ و کنار میں سڑکوں پر نکلیں۔

 

فلسطین الیوم کی رپورٹ کے مطابق حماس کے بیان میں آیا ہے کہ تمام فلسطینیوں کو چاہئیے کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول مسجدالاقصی کے دفاع کیلئے اٹھ کھڑے ہوں اور زبردست احتجاج کریں۔

حماس نے اس بیان میں قدس کی غاصب و جابر صیہونی حکومت کو متنبہ کیا کہ وہ مسجدالاقصی کے بارے میں دشمنانہ اقدام سے صرف نظر کریں اس لئے کہ اس نے مسجدالاقصی کے خلاف کسی بھی قسم کی حرکت کی تو اس کے خطرناک نتائج بر آمد ہوں گے۔

دوسری جانب حماس کے سیاسی  دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے جمعرات کے روز مسجد الاقصی میں موجودہ مسائل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے قابضین کو خبردار کیا کہ اگر آپ کو یقین ہے کہ مسجد الاقصیٰ پر حملہ کرکے اس کی اسلامی شناخت کو تبدیل کر سکتے ہیں تو آپ بالکل غلطی پر ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کی جارحیت سے کشیدگی میں مزید شدت آئے گی اور ان سے نمٹنے کا عزم مزید مستحکم ہو گا۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ مسجد الاقصی میں صیہونی جارحیت اور قتل عام اس حکومت کی عمر کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ اس جابر حکومت کے خاتمے کا باعث ہوگا۔

حماس کے سیاسی  دفتر کے سربراہ نے کہا کہ فلسطینی عوام اور مسجد اقصیٰ میں اعتکاف کرنے والے اس مقدس مقام کے دفاع میں سب سے آگے ہیں اور ثابت قدم رہیں گے۔

اسماعیل ہنیہ نے بتایا کہ صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والے ممالک کو مسجد الاقصیٰ پر جارحیت کے پیش نظر مقبوضہ فلسطین سے اپنے سفیروں کو فوری طور پر واپس بلانا چاہیے۔

 

 

ٹیگس