اقوام متحدہ نے کی مزار شریف میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت
اقوام متحدہ نے افغانستان میں مزار شریف کی شیعہ مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ نے افغانستان کے شہر مزار شریف میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے کہا ہے کہ افغانستان میں اقوام متحدہ کا نمائندہ دفتر مزار شریف میں مسجد میں ہونے والے اس دہشت گردانہ بم دھماکے کی مذمت کرتا ہے۔ انھوں نے افغانستان میں عام شہریوں کو نشانہ بنائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس قسم کے حملے بند کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
اسلامی جہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی افغانستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے افغانستان میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اس صورتحال پرسخت تشویش ظاہر کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں افغانستان میں جمعرات کو مزار شریف کی مسجد اور اسی طرح کابل میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کی جانب اشارہ کیا اورکہا کہ افغانستان میں ماہ رمضان میں ایسی حالت میں جبکہ مسجدوں میں لوگوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے روزہ دارنمازیوں کو بزدلانہ اور دہشتگردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانا نفرت انگیزہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے مزارشریف میں دہشت گردانہ دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے لئے صبر اور زخمیوں کے لئے صحت وسلامتی کی دعا کی۔
افغانستان کے شہر مزار شریف میں شیعہ مسلمانوں کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد پچاس ہو گئی ہے جبکہ سو سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ خودکش حملہ اس وقت ہوا جب نمازی مسجد میں نماز ظہر ادا کر رہے تھے۔
تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔