مسجد الاقصی میں صیہونی اسنائپروں کی تعیناتی
غاصب صیہونی حکومت نے مسجد الاقصی کی چھت پر اپنے اسنائپروں کو تعینات کر دیا ہے جو فلسطینیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
العہد ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت نے جمعے کی صبح مسجد الاقصی کی چھت پر اپنے فوجی اسنائپروں کو تعینات کر دیا جو مسجد الاقصی کے مختلف صحنوں میں فلسطینی نمازیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی نماز جمعہ ادا کرنے کے لئے باب العمود کی طرف بڑھتے رہے۔ مسجد الاقصی کے مدافعین نے بھی غزہ کی تحریک مزاحمت اور مجاہد فلسطینی رہنماؤں کی حمایت میں نعرے بازی کی۔
طبی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ مسجد الاقصی میں صیہونی اسنائپروں کی فائرنگ میں تینتالیس فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
شہاب نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی فوجی مسجد الاقصی میں امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔