Apr ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۴۷ Asia/Tehran
  • افغانستان میں دہشت گردانہ واقعات کی مذمت

اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی اور ایران کی وزارت خارجہ نے اپنے الگ الگ بیانات میں افغانستان میں دہشت گردانہ دھماکوں اور حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے عالمی سطح پر اقدام کا مطالبہ کیا ہے

اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی نے افغانستان میں ہونے والے حالیہ دہشتگردانہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک بار پھر وحشی انتہاپسندوں کی آستینوں سے تکفیری دہشتگردوں کے مجرمانہ و ناپاک ہاتھ باہر نکلے اور افغانستان کے روزہ دار مسلمانوں کو خون میں غلطاں کردیا ۔  بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی اخلاقی اور مذہبی اقدار سے دور یہ دہشتگردانہ اقدامات، امریکہ کے حمایت یافتہ دہشتگردوں اور مجرموں کے ہاتھوں علاقے میں بحران پیدا کرنے کے لئے انجام پا رہے ہیں،اگرچہ یہ دہشتگرد اس سے پہلے شام و عراق میں رسوا ہو چکے ہیں۔

اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مزارشریف میں ہونے والا حالیہ دہشتگردانہ اقدام اس سازش اور منصوبے کے پازل کی تکمیل ہے جو مسلم امہ میں اختلاف و تفرقہ پیدا کرنے کے لئے انجام دیئے جارہے ہیں اور یہ سب اس بات کا ثبوت ہے کہ اس طرح کے جرائم کی کوئی حد وسرحد نہیں ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بلاشبہ اس طرح کے اقدامات کا مقصد کشیدگی پیدا کرنا ، نسلی ومذہبی جنگ چھیڑنا ، مسلمانوں کا قتل عام کرنا اور نتیجے میں اسلام کی شبیہ خراب کرنا اور اسلاموفوبیا پھیلانا ہے۔ اسلامی بیداری کی عالمی اسمبلی کے بیان میں اس طرح کے بزدلانہ اور مجرمانہ اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افغانستان کی موجودہ حکومت ان تمام مسلمانوں کی سیکورٹی کی ذمہ دار ہے جو دینی فرائض انجام دینے میں مصروف ہیں اور اسے اس سلسلے میں جواب دے ہونا چاہئے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کی سفیر اورنائب مندوب زہرا ارشادی نے اس بات کا ذکرتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو افغانستان کے دردناک واقعات پر گہری تشویش ہے کہا کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی علاقے میں دہشتگردانہ واقعات میں شدت پیدا ہونے کا باعث ہے۔

زہرا ارشادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے کہ افغانستان میں داعش کی موجودگی علاقے میں دہشتگردانہ کارروائیاں بڑھنے  کی باعث بنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران ، افغانستان میں حالیہ دہشتگردانہ حملوں کی جس میں دسیوں بےگناہ انسانوں خاص طور سے بچوں کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے ، سخت مذمت کرتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی افغانستان کے شہر قندوز کی سنی مسلمانوں کی مسجد میں بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔ قندوز میں اہلسنت کی مسجد میں جمعے کو ہونے والے دھماکے میں ساٹھ افراد جاں بحق اور تیس سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔

ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ نے اہلسنت کی مولوی سکندر مسجد میں بم دھماکے کی مذمت کی اور جاں بحق ہونے والوں کے لئےمغفرت اور پسمندگان کے لئے صبر و اجر کی دعا کی۔

ٹیگس