May ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۷ Asia/Tehran
  • افغان عوام کے لئے ایرانی امداد کی قدردانی

افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے مسائل و مشکلات پر قابو پانے کے لئے افغان عوام سے متعلق پڑوسی ملکوں منجملہ ایران کی امداد و تعاون کی قدردانی کی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے اتوار کی رات ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو میں انھیں اور ایران کی حکومت اور عوام کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ۔ اس گفتگو میں حامد کرزئی نے افغانستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان  کی شدید مذمت کی جن میں بے گناہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

انھوں نے  کہا کہ افغانستان کا مستقبل تمام اقوام اور عوام میں باہمی تعاون اور بھائی چارے میں مضمر ہے ۔ افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے مسائل و مشکلات پر قابو پانے کے لئے افغان عوام کے لئے پڑوسی ملکوں منجملہ ایران کی امداد کی قدردانی کی۔

اس گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ نے بھی عید الفطر کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف مہم اور ایک وسیع البنیاد حکومت کے قیام کا عمل تیز کر کے افغانستان کے پڑوسی اور علاقے کے تمام ملکوں کے ساتھ کابل کے تعاون کی راہ ہموار کی جائے گی۔

ٹیگس