May ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
  • نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ کی سربلندی کیلئے دعائیں مانگی گئیں

ایران، پاکستان، عراق اور ہندوستان سمیت دنیا کے متعدد ملکوں میں آج نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ کی سربلندی کی دعائیں مانگی گئیں۔

عیدالفطر کے موقع پر نماز عید کے انتہائی پرشکوہ اور روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جن میں لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور ایک ماہ کی روزہ داری  اور اطاعت کے اختتام پر نماز شکرانہ ادا کی۔  

دیگر ملکوں کی طرح ایران میں بھی آج صبح نماز عید الفطر کے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے اور پوری فضا توحید و تکبیر کے خوشبو سے معطر رہی۔

مشہد مقدس میں بارگاہ علی ابن موسی رضا ، قم المقدسہ  میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا، شیراز میں  حضرت احمد موسی شاہ چراغ اور شہر رے میں حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی کے روضوں نیز دوسرے شہروں میں  اہلبیت علیھم السلام کی دیگر برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔

ان اجتماعات میں عالم اسلام کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ خطیبان نماز عید الفطر نے اپنے خطبوں میں توحیدی افکار کے ساتھ ساتھ حالات حاضرہ پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور سماج میں اخلاقی قدروں کے فروغ اور سیاسی شعور کی بیداری پر زرو دیا۔

تہران کی مرکزی نماز عیدالفطر تہران یونیورسٹی میں حجت الاسلام کاظم صدیقی کی امامت میں ادا کی گئی جس میں اعلی سول اور فوجی عہدیداروں کے علاوہ  دسیوں ہزار نمازی شریک ہوئے۔

نماز عید کے روح پرور اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام کاظم صدیقی نے حاضرین کو عید عبادات و بندگی، عید الفطر کی مبارک باد پیش کی اور یہ بات زور دے کرکہی کہ معاشرے کی اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ ہمیں، سماج میں تہذیب و اخلاق اور ایثار و فدا کاری اور اطاعت و بندگی خدا کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں بھی آج عیدالفطرانتہائی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ اور لاھورسمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں نماز عیدالفطر کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے اور لوگوں نے رب کریم کی بارگاہ میں سجدہ ریز ہو کر عید بندگی کا آغاز کیا۔

ہندوستان میں بھی بڑی تعداد میں مسلمانوں نے نماز عیدالفطر کے روح پرور اجتماعات میں شریک ہوکر، عید اطاعت و بندگی کا پرشکوہ طریقے سے آغاز کیا اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے دعائیں مانگیں۔

ہندوستان میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع دہلی کی شاہی جامع مسجد میں منعقد ہوا جس میں کئی ہزار مسلمانوں نے شرکت کی۔ بعد ازاں لوگوں نے گلے ملکر ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کی اور مٹھیائیاں تقسیم کیں۔

لکھنو، ممبئی، بنگلور،  حیدرآباد اور کولکتہ وغیرہ میں بھی نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔  

 عراق میں بھی عیدالفطر آج منائی جارہی ہے اور شہریوں میں بڑا جوش وجذبہ دیکھا جارہا ہے۔

  بارگاہ حسینی میں  منعقد ہونے والے نمازعید کے پروقار اجتماع میں کئی لاکھ نمازیوں نے شرکت کی اور بعد ازاں روضہ حسینی کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔

 نجف اشرف میں مولائے متقیان حضرت علی علیہ السلام کے روضہ اطہر میں نماز عیدالفطر کا عظیم الشان اجتماع منعقد ہوا اور ہزاروں  نمازیوں نے ایک ماہ کی عبادت و بندگی کی توفیق ملنے پر شکر کے سجدے ادا کیے۔

 مشرقی بعید اور مغربی ایشیا کے  بہت سے ملکوں میں پیر کو عیدالفطر منائی گئی تھی۔

ٹیگس