May ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۵۸ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

غرب اردن کے شہر نابلس میں غاصب صیہونی فوجیوں کی جارحیت جاری ہے اور انہوں نے ایک اور فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا ہے۔

مقبوضہ فلسطین کے باخبر طبی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ  غرب اردن کے شہر نابلس میں 16 سالہ فلسطینی نوجوان "غیث رفیق یامین" صیہونی دہشتگردوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر شہید ہو گیا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق صیہونیوں نے اسکے سر پر گولی ماری۔ اس جارحیت میں 80 فلسطینی زخمی بھی ہو گئے۔

مقبوضہ فلسطین کے مختلف علاقوں میں صیہونی دہشتگردوں کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

دریں اثنا فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ غرب اردن کے تمام علاقوں میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کے مقابلے میں انتقامی کارروائی کا دائرہ وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا کہ استقامتی کارروائیاں ایک قومی و دینی فریضے کی حیثیت رکھتی ہیں اور جو بھی ہتھیار اٹھا سکتا ہے اسے چاہئے کہ ایک نیا مورچہ قائم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی مسلحانہ کارروائیاں ہی غاصب صیہونیوں کے جرائم کا حقیقی جواب ہیں۔

واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے فلسطینیوں پر اپنی جارحیتوں سے دباؤ بڑھانا شروع کر دیا ہے اور اس میں شدت بھی آگئی ہے جس کی بنا پر فلسطینیوں کی دفاعی و استقامتی کارروائیاں بھی تیز ہوگئی ہیں۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران فلسطینیوں نے مقبوضہ علاقوں منجملہ صیہونی دہشتگردی کے مرکز تل ابیب میں کئی شہادت پسندانہ کارروائیاں کر کے صیہونیوں کے مقابلے میں اپنے فولادی عزم کو بھی ظاہر کر دیا ہے۔

ٹیگس