May ۲۵, ۲۰۲۲ ۱۰:۳۱ Asia/Tehran
  • یمنی فورسز نے سعودی اتحاد کا ایک اور ڈرون طیارہ گرایا

یمن کی مسلح افواج نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سعودی اتحاد کے تیسرے پیشرفتہ جاسوس ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع  نے کہا ہے کہ اس ڈرون کو جس کا تعلق سعودی عرب کی فضائیہ سے تھا، سرحدی علاقے نجران میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے تباہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مار گرائے جانے والے ڈرون طیاروں کی ویڈیو جاری کر دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یمن کی فوج نے جارح سعودی اتحاد کے 3 ڈرون تباہ کئے ہیں۔

یمنی فورسز ملک پر جارح سعودی اتحاد کے حملے کے آغاز سے اب تک دسیوں جاسوسی ڈرون، ہیلی کاپٹر اور جنگی طیارے گرا چکی ہیں جن میں امریکی ڈرون بھی شامل ہیں۔

یمنی عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ و جارحیت کے دوران یمن کی مسلح افواج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت و توانائی میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف کئے جانے والے بڑے اور تباہ کن جوابی حملے خود یمنی فورسز کی توانائیوں کا منھ بولتا ثبوت ہیں۔

ٹیگس