ہندوستان ضرورتمند ملکوں کو گندم فراہم کرے گا
ہندوستان کی حکومت نے ضرورتمند ملکوں کو گندم کی برآمدات کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر صنعت و تجارت پیوش گوئل نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی حکومت، اپنے دوست اور ضرورتمند ملکوں کو گندم برآمد کئے جانے کی اجازت دے گی تاہم نجی طور پر برآمدات پر پابندی جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے عالمی اقتصای فورم ڈاووس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی گندم کی برآمدات عالمی تجارت کے ایک فیصد حصے سے بھی کم ہے اس لئے برآمدات کے ہمارے قوانین سے عالمی منڈیوں پر کوئی اثر نہیں پڑںا چاہئے۔
ان کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ ہندوستان نے حال ہی میں بڑھتی ہوئے افراط زر اور غذائی اشیا کی قلت سے پیدا ہونے ہونے والی تشویش کی بنا پر گندم کی برآمدات پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔
ہندوستان میں مارچ کے مہینے میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑی ہے جس کی بنا پر زرعی پیداوار میں کمی سے متعلق تشویش پیدا ہوگئی ہے جبکہ اس سے قبل خشک سالی اور قحط کی بنا پر بھی زرعی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گندم کی برآمدات پر پابندی کا ہندوستان کا اعلان عالمی منڈیوں میں زرعی پیداوار کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنا ہے، جبکہ اس ملک نے شکر کی برآمدات پر بھی عنقریب پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔